فائنل تک رسائی، سابق بھارتی کرکٹرز بھی پاکستان ٹیم کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں شاہینوں نے کیویز کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی

کر لیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، بابر اعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
فائنل میں پہنچنے پر جہاں پاکستان ٹیم کے سابق کرکٹرز قومی ٹیم کی تعریف کررہے ہیں وہیں پڑوسی ملک بھارت کے سابق کرکٹرز بھی گرین شرٹس کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کی تعریف کی اور لکھا کہ ‘فانل میں پہنچنے پر مبارک ہو پاکستان، اس کا سارا کریڈٹ ٹیم، منیجمنٹ ، بابر اور رضوان کو جاتا ہے’۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرے تاکہ فائنل میں پاک بھارت ٹاکرا ہوسکے۔

اس کے علاوہ سریش رائنا نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کو مبارک باد دی۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹر محمد کیف نے بابر اور رضوان پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب بابر اور رضوان پر تنقید کرو تو سوشل میڈیا ٹرینڈ کو فالو نہیں کرنا، اس سے پہلے ان کی کلاس کے بارے میں سوچنا۔

واضح رہے کہ دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ ایونٹ کا فائنل اتوار کو میلبرن میں ہوگا۔